لکھنؤ،13؍جولائی (ایس او نیوز؍ایجنسی) اتر پردیش حکومت نے بکرو گاؤں میں 3 جولائی کو پولس اہلکاروں پر کی گئی گولی باری اور 8 جوانوں کی شہادت معاملہ کے اہم ملزم وکاس دوبے کے 10 جولائی کو انکاؤنٹر میں مارے جانے کی عدالتی جانچ کا حکم دے دیا ہے۔ سرکاری ذرائع نے 12 جولائی کو اس سلسلے میں تفصیلی جانکاری فراہم کی۔ عدالتی جانچ جسٹس ششی کانت اگروال (سبکدوش) کی قیادت میں ہوگی اور ان کا ہیڈکوارٹر کانپور ہوگا۔ جانچ رپورٹ دو مہینے میں سونپے جانے کی بات سامنے آئی ہے۔
اس واقعہ کے بعد انکاؤنٹر میں مارے گئے دیگر جرائم پیشوں کو بھی جانچ کے دائرے میں لیا جائے گا۔ دوبے کے ساتھ ہی 6 جرائم پیشے 3 جولائی سے 10 جولائی کے درمیان مارے گئے۔ آفیشیل نوٹیفکیشن کے مطابق عدالتی کمیشن پولس-جرائم پیشہ گٹھ جوڑ کی بھی جانچ کرے گا۔ کمیشن کو یہ مشورہ دینے کے لیے بھی کہا گیا ہے کہ اس گٹھ جوڑ کو کس طرح روکا جا سکتا ہے۔ ریاستی حکومت نے ہفتہ کے روز ایڈیشنل چیف سکریٹری سنجے بھوسریڈی کی قیادت میں ایک خصوصی جانچ ٹیم بنائی ہے جو 3 جولائی کے واقعہ میں پولس کے کردار کی جانچ کرے گی۔